کوئٹہ دھماکے کے بعد ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز پر ریڈالرٹ

ریلوے پولیس کو کہا گیا ہے کہ تمام اسٹیشنوں پر غیر متعلقہ گھومنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

کراچی : آئی جی ریلوے پولیس رائو سردار علی خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے بعد کراچی سمیت ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنوں اور تنصیبات پر سیکورٹی ریڈالرٹ کردی گئی ہے۔

ریلوے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔تمام بڑے اور اہم ریلوے اسٹیشنوں پر ریلوے پولیس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔بی ڈی ایس تمام مسافروں ٹرینوں کی روانگی سے قبل سرچنگ کرے گا۔

ریلوے اسٹیشنوں پر آنے والے مسافروں اور ان کے سامان کی بھی تلاشی لی جائے گی۔ تمام اسٹیشنوں پر واک تھروگیٹس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ریلوے پولیس کو کہا گیا ہے کہ تمام اسٹیشنوں پر غیر متعلقہ گھومنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشنوں کے داخلی وخارجی راستوں پر ریلوے پولیس کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ آنےوالے تمام گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوران سفر مسافروں ٹرینوں کی سیکورٹی کو مذید بہتر بنایا جارہا ہے۔ریلوے پولیس کی لیڈیز اہلکاروں کو بھی ریلوے اسٹیشنوں پر تعینات کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں ۔ٹرینوں اور تنصیبات کی سیکورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے اقدام کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ مسافر سیکیورٹی کے حوالے سے ریلوے پولیس سے تعاون کریں اور اطراف نظر رکھیں کسی بھ مشکوک سامان یا فرد کی اطلاع ریلوے پولیس کو دیں ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس کو سیکورٹی کے حوالے سے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

Load Next Story