چیمپئینز ٹرافی؛ سابق کرکٹرز کا پی سی بی کو سخت موقف اپنانے کا مشورہ
چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کے انکار پر سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سخت ردعمل دینے کا مشورہ دیدیا۔
سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان میں ہونے والے فکسچر میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان ممکنہ طور پر مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ دو طرفہ سیریز ہو یا ایشیا کپ، تو ٹیموں سے پوچھا جاتا ہے کہ بھارت کھیلنا چاہتا ہے یا نہیں؟ یہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے، 8 سال پہلے سے ٹیموں کو ایونٹس کے شیڈول کا معلوم تھا، اسی طرح 2024 سے 2031 کے ایونٹس کی میزبانی سے متعلق رکن ممالک سمیت براڈکاسٹرز اور اسپانسرز نے دستخط کیے ہیں، جس میں ٹیموں کو شرکت کرنی ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت کو منانے کیلئے چیمپئینز ٹرافی کے شیڈول میں مزید تاخیر کا امکان
سابق کرکٹر نے 1996 کے ورلڈکپ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے سری لنکا کھیلنے نہیں گئے تھے جہاں فائنل کا تنازع ہوا لیکن سری لنکا نے وہ ایونٹ اپنے نام کیا۔
راشد لطیف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے مطالبات کو ایک بار پھر ایڈجسٹ کرنے یا ہائبرڈ ماڈل کو اپنایا تو شدید مایوسی ہوگی۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جارہی ہے، وکرانت گپتا کا انکشاف
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے آئی سی سی کو پاکستان جاکر چیمپئینز ٹرافی کھیلنے سے انکار کا جواب جمع کروادیا ہے جبکہ بھارت کی عدم شرکت کی وجہ سے ایونٹ کا شیڈول مزید تاخیر کا شکار ہے۔