کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکا؛ وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ بلوچستان کی زخمی افراد کی عیادت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن دھماکے کے زخمی افراد کی عیادت کی۔
وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ فرداً فرداً تمام زخمیوں کے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور ڈاکٹرز سے معلومات لیں۔ محسن نقوی نے زخمی افراد سے افسوسناک واقعے کی تفصیلات معلوم کیں، وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
مزید پڑھیں؛ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکا، 27 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ایک زخمی شخص کو فوری طور پر کراچی شفٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ قوم آپ کے ساتھ ہے اور جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے، آپ کے علاج معالجے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔