راولپنڈی؛ گھریلو ناچاقی پر ملزم نے اپنی بیوی اور ساس کو گولیاں مار کر قتل کردیا
مقتولین کی شناخت ملزم کی اہلیہ اقرا لطیف اور اس کی ساس یاسمین کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس
راولپنڈی:
تھانہ ریس کورس کے علاقے کیانی روڈ پر دوہرے قتل کی واردات میں گھریلو ناچاقی پر خاوند نے اہلیہ اور ساس کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم اورمقتولہ اہلیہ کی شادی 8 ماہ قبل ہوئی تھی اور دو ماہ سے ناراضگی کے باعث اہلیہ والدین کے گھر رہ رہی تھی۔
پولیس کے مطابق کیانی روڈ گلی نمبر 4 کی رہائشی 19 سالہ مسماتہ اقراء لطیف کی شادی 8 ماہ قبل سلیمان جو اپنے والد کی کریانے کی دکان پر ان کا ہاتھ بٹاتا تھا سے انجام پائی، لیکن شادی کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں میاں بیوی کے مابین ناچاقی شروع ہوگئی۔
اسی ناچاقی پرمسماۃ اقرا مبینہ طور پرناراض ہوکر اپنے والدین کے گھر جا کر رہنے لگی اور تقریباً دو ماہ سے مسلسل اپنے والدین کی گھر رہ رہی تھی جبکہ اس کا خاوند اس کو گھر لینا چاہتا تھا۔
اسی دوران اتوار کو بھی سلیمان اپنے سسرال پہنچا اور اہلیہ کو ساتھ لے جانے کی کوشش کے دوران ہونے والے مبینہ جھگڑے کے دوران اس نے فائرنگ شروع کردی جس سے اس کی اہلیہ اقرا زخمی ہوکر دم توڑ گی جںکہ پچاس سالہ ساس یاسمین کلثوم شدید زخمی ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی اور دم توڑ گی۔
پولیس حکام کا کہنا تھاکہ دونون نعشوں کا پوسٹمارٹم کراکر ملزم خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔