عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیل سے متعلق درخواست، وزارت داخلہ کو نوٹس جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان پر درج مقدمات کی تفصیل سے متعلق درخواست پر وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی مکمل تفصیلات اور ایف آئی آرز کی نقول فراہم کی جائیں۔ درخواست پر حتمی فیصلے تک معلوم اور نامعلوم مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری سے روکا جائے۔
درخواست میں وزارت داخلہ ، آئی جی اسلام آباد ، ایف آئی اے و دیگرکو فریق بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ ، آئی جی اسلام آباد و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعرات تک جواب طلب کرلیا۔