جج ہمایوں دلاور سوشل میڈیا پروپیگنڈا کیس؛ ملزم کی ضمانت میں توسیع

ایف آئی اے نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جج ہمایوں دلاور سوشل میڈیا پروپیگنڈا کیس  کے ملزم کی ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے ملزم صدیق انجم کی جج ہمایوں دلاور سوشل میڈیا پروپیگنڈا کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔ ملزم اپنے وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا۔

ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم صدیق انجم نے اس مقدمے میں پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔ پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت ہونے کی وجہ سے عدالت اس مقدمے میں ضمانت مسترد کرے۔  

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے حکام عدالت کو گمراہ کر رہے ہیں ہم نے اس مقدمہ میں حفاظتی ضمانت نہیں لی۔ میرے کونسل نے دیگر نامعلوم مقدمات میں اومنی بس ضمانت پشاور ہائیکورٹ سے لے رکھی ہے۔ ملزم صدیق انجم پشاور ہائی کورٹ سے 21 نومبر تک اومنی بس ضمانت پر ہے۔ عدالت میں پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ بھی پیش کیا گیا۔

ملزم کے وکلا کا موقف تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ملزم صدیق انجم کو کسی بھی نامعلوم مقدمات میں ایف آئی اے کو گرفتاری سے روک رکھا ہے اور مقدمات کی تفصیل سے متعلق ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ عدالت نے ملزم کی عبوری درخواست ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

Load Next Story