حلیم عادل اور راجہ اظہر نے سندھ پولیس کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں دائر کردیں
تحریک انصاف کے رہنماؤں حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر نے پولیس کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں سندھ ہائیکورٹ میں دائر کردیں۔
درخواستوں میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس ہمارے خلاف مقدمات درج کرکے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین کررہی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ اور جسٹس یوسف علی سعید کے بینچ نے دفعہ 144 کے مقدمات درج کرنے سے روکا تھا۔
پریڈی اور سہراب گوٹھ پولیس نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔
ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مئی سے کراچی میں جلسے کی اجازت مانگ رہے ہیں لیکن ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جس طرح پی ٹی آئی کے پیچھے لگی ہے اسی طرح اگر دہشتگردوں کے پیچھے پڑ جائے تو امن و امان کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔