پنجاب میں پیاز ٹماٹر کی پیداوار کیلئے زرعی آلات پر 70فیصد سبسڈی کا اعلان

پنجاب میں میکانائزڈ فارمنگ کیلئے 3 ارب روپے کامنفرد اور تاریخ کا پہلا پراجیکٹ

23اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم، افراط زر کی ہفتہ وار شرح 0.03 فیصد گھٹ گئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے مستقل سدباب کےلیے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر ٹماٹر اور پیاز کی پیداوار بڑھانے کے لئے پائیدار اقدامات کیے جارہے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے ٹماٹر اور پیاز کی کاشت میں بھی اضافے کا خصوصی پروگرام متعارف کرادیا۔ پنجاب ایگریکلچر ٹرانس فارمیشن پراجیکٹ کی لانچنگ پر 3ارب روپے لاگت آئے گی۔ 

پنجاب میں میکانائزڈ فارمنگ کیلئے یہ 3 ارب روپے کامنفرد اور تاریخ کا پہلا پراجیکٹ ہے جس میں سبزیوں کی خودکار فارمنگ کے لئے پلانٹر، پرونرز، سپرئیر اور دیگر زرعی آلات پر 70فیصد سبسڈی کا اعلان کردیا گیا۔

پیاز اور ٹماٹر کی ویلیو ایڈیشن کے لئے پلپنگ یونٹ،ڈرائر اور گریڈرز کے لئے بھی 70فیصد سبسڈی ملے گی۔ اس حوالے سے لودھراں، ملتان اور وہاڑی کے اضلاع کو پیاز جب کہ خوشاب،شیخوپورہ اور مظفر گڑھ کو ٹماٹر کی کاشت کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

6 اضلاع میں 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کے فارمر انٹر پرائز گروپس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جن کے لئے فارمرز فیلڈ اسکول میں جدید زراعت اور اسمارٹ طریقہ کاشت کے بارے میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا جب کہ ان فارمر گروپس کو انٹرنیشنل مارکیٹ سے بھی منسلک کیا جائے گا۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ ٹماٹر، پیاز عام آدمی کے استعمال کی چیز ہے، جسے مہنگابیچنے کی اجازت نہیں دے سکتے، گروپ اور میکانائزڈ فارمنگ سے نہ صرف پیداواربڑھے گی بلکہ لاگت بھی کم ہوگی۔

Load Next Story