اینٹی نارکوٹکس نے کارروائیوں میں لاکھوں کی منشیات قبضے میں لے لی
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کےدوران 86لاکھ روپے مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کےخلاف کاروائیوں کاسلسلہ جاری ہے، سپرہائی وے کراچی پرخفیہ اطلاع پرکی جانے والی کارروائی کے دوران ملزم کی تحویل سے 6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ایک اورکارروائی کورنگی میں واقع انڈس چورنگی کے قریب کی گئی،جس کے دوران گرفتارملزم سے1کلو200گرام چرس برآمد کی گئی۔
راولپنڈی میں ٹینچ باٹا کے قریب ملزم سے 2کلو500گرام ہیروئن اور3کلو500گرام آئس قبضے میں لی گئی،گرفتارملزم نےتعلیمی اداروں کے طلباء کومنشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث 9 سے 10 سالہ عمر کے بچے (ملزم) سے 2 کلو400گرام چرس برآمد کی گئی،ایم ون موٹروے اسلام آباد پرملزم کے جوتوں سے420گرام افیون جبکہ لاہورمیں ایک ہاوسنگ سوسائٹی میں ملزم سے1کلو100گرام ہروئن اورایک عدد ڈرون برآمد ہوا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی مالیت 86لاکھ روپے کے لگ بھگ ہےجبکہ گرفتارملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کےتحت مقدمات درج کرکےتحقیقات کا آغازکردیا گیاہے۔