پی ٹی آئی جلسے میں امریکی جھنڈا کون لایا، وزیراعلی کے پی نے بتادیا

جلسے میں امریکی جھنڈا لانے والا پٹواری تھا، میں ڈھونڈ رہا ہوں، علی امین

پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں امریکی جھنڈا لانے والا پٹواری تھا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، یہ حکومت اس طرح کے ہھتکنڈے استعمال کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں پارٹی رہنماؤں کو کس چیز پر حراست میں لیا گیا تاہم یہ کوئی نئی بات نہیں، یہ اسی طرح کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوابی جلسہ میں امریکی جھنڈا لانے والا پٹواری تھا، میں ڈھونڈ رہا ہوں۔

یاد رہے کہ صوابی جلسے میں ایک پی ٹی آئی کارکن نے امریکی جھنڈا لہرانا شروع کیا تو قریب موجود دیگر کارکنان نے اسے امریکی جھنڈا لہرانے سے منع کیا تھا اور جھنڈا نیچے کرنے کیلئے آوازیں دی تھیں مگر پی ٹی آئی کارکن جھنڈا ہاتھ میں لیے کھڑا رہا اور لہراتا رہا تھا۔ 

قریب موجود کارکنان نے اس سے امریکی جھنڈا کھینچ لیا جس کے دوران دھکم پیل بھی ہوئی تاہم جھنڈا  نیچے کروا دیا گیا۔ پولیس نے کارکن سے امریکی جھنڈا لے کر اسے باہر نکال دیا۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانا جعلی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ حکومت کے کارندوں نے سازش کے تحت لہرایا۔

Load Next Story