کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی سخت، مسافروں پر نئی شرائط لاگو

ایک مسافر کے ساتھ صرف ایک شخص ایئرپورٹ جاسکے گا،  بزرگ مسافر کی صورت میں دو افراد کو ساتھ جانے کی اجازت ہوگی

(فوٹو فائل)

کراچی:

کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی، ایئرپورٹ آنے والے مسافروں اور عملے کے لیے نئے شرائط لاگو کردی گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر سیکیورٹی کے نئے اقدامات کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس، اے ایس ایف، سی اے اے، ویجی لینس کے نمائندوں و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ کی سیکیورٹی کے لیے مزید اقدامات ناگزیر ہیں۔

طے کیا گیا کہ پرائیویٹ ٹیکسی کمپنیز کے ڈرائیورز اور گاڑیوں کو کراچی ایئرپورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ائیرپورٹ کے پاس سے صرف ائیرپورٹ آنے والے ٹریفک کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔

کراچی ائیرپورٹ کے داخلی راستوں پر آہنی دروازے لگانے کی تجویز دی گئی۔ آہنی دروازوں کی نگرانی پولیس، رینجرز، اے ایس ایف اور سول ایوی ایشن ویجیلنس مشترکہ طور پر کریں گے۔

کراچی ائیرپورٹ کے داخلی دروازوں پر بارودی مواد کی جانچ کرنے والی ڈیوائسز، سی سی ٹی وی کیمرے اور بیریئرز لگائے جائیں گے، کسی بھی مشتبہ گاڑی کو روکنے کے لیے خصوصی جگہ بنائی جائے گی۔
 
ایک مسافر کے ساتھ صرف ایک شخص ایئرپورٹ جاسکے گا، بزرگ مسافر کی صورت میں دو افراد کو ساتھ جانے کی اجازت ہوگی۔ ائیرپورٹ آنے والے مسافروں کی گاڑیوں کیلئے مخصوص لین ہوگی۔

کراچی ائیرپورٹ اور اس کی حدود میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی دفاتر آتے جاتے چیک کیا جائے گا۔ کراچی ائیرپورٹ کی حدود میں سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو اپنا آفس کارڈ دکھانا لازمی ہوگا۔

بغیر آفس کارڈ سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کو ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے نئے ضابطہ اخلاق پر فوری عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مسافروں کیلئے ائیرپورٹ آنے والوں کے پاس متعلقہ ائیرلائن کے ٹکٹ کی کاپی ساتھ رکھنے کی شرط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Load Next Story