نئی دہلی میں اسموگ کے باعث اسکولز بند، آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت

نئی دہلی مسلسل تیسرے روز بھی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اسموگ کے باعث اسکولز بند کردئیے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں بڑھتی اسموگ کے باعث تمام پرائمری اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے اور اسکولوں کو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئی دہلی مسلسل تیسرے روز بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔اسموگ کے باعث نئی دہلی سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں ٹرینوں اورپروازوں کا شیڈول متاثرہوا اورسینکٹروں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ نئی دہلی میں اسموگ سے حد نگاہ صفر ہوگئی۔

نئی دہلی اور نواحی علاقوں میں  تقریباً 3 کروڑ افراد رہتے ہیں۔ نئی دہلی میں  ہر سال سردیوں میں شدید اسموگ ہوتی ہے جس کی بنیادی وجہ کھیتوں میں فصلوں کی باقیات جلانا اور فیکٹریوں اور گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں ہے۔ نئی دہلی حکومت آلودگی میں کمی کے لیے وقفے وقفے سے شہر میں تعمیراتی سرگرمیوں اور دیگر علاقوں سے آنے والے ڈیزل انجن ٹرکوں کے شہر میں داخلے پر پابندی لگاتی ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ صاف فضا اور ماحول کو بنیادی انسانی حق قرار دیتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا۔

Load Next Story