دہشگردی کا خاتمہ عالمی چیلنج ہے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کا خاتمہ عالمی چیلنج ہے جس کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی سے ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور پاک ترکیہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکیہ میں 3 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے بھی گفتگوکی گئی۔
وزیر داخلہ نے 23 اکتوبر کو انقرہ میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہ کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ علاقے۔ دہشتگردی کا خاتمہ عالمی چیلنج ہے۔ اقوام عالم کو اس ناسور سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ترکیہ کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ گہرے مذہبی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاک ترکیہ تعلقات پائیدار شرکت داری میں بدل رہے ہیں۔ محسن نقوی نے ترکیہ کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
وزیرداخلہ ترکیہ علی یرلیکایا نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے ۔ جلد اسلام آباد کا دورہ کروں گا۔ ترکیہ کے وزیر داخلہ نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس ضمن میں ماہرین کا وفد ترکیہ بھیجے ۔ ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا۔