قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 خطرناک اشتہاری امارات سے گرفتار
قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 خطرناک اشتہاری ملزمان کو امارات سے گرفتار کرلیا گیا۔
پنجاب پولیس کی جانب سے بیرون ملک سے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے اور اسی تسلسل میں قتل کے مقدمے میں مطلوب 2 خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان میں علی رضا اور محمد نادر شامل ہیں۔
دونوں ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف 2023 میں سرگودھا اور ڈی جی خان میں مقدمے درج ہوئے تھے۔ ملزم محمد نادر کے خلاف تھانہ کوٹ مبارک، ڈی جی خان جب کہ ملزم علی رضا کے خلاف تھانہ بھگتا والا سرگودھا میں مقدمہ درج تھا۔
ملزمان قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔ جس کے بعد پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرموں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔