لاہور میں اسموگ کے تدارک کیلئے عائد پابندیوں میں 24 نومبر تک توسیع

تمام مارکیٹس رات 8 بجے بند، تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی

لاہور:

صوبائی دارالحکومت میں اسموگ کے مضر ترین اثرات کے پیش نظر عائد پابندیوں میں 24 نومبر تک توسیع کردی گئی۔

تمام فیصلوں کا اطلاق 16 سے 24 نومبر تک رہے گا جس کی خلاف ورزی پر 188 پی پی سی کے تحت کارروائی ہوگی۔ تمام یونیورسٹیز، کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کر دیا گیا ہے، اسکولز مزید 24 نومبر تک بند رہیں گے۔

سرکاری محکموں کا پچاس فیصد عملہ آن لائن کام کرے گا، محکمانہ میٹنگ آن لائنز کی جائیں صرف انتہائی ضرورت کے تحت ہی کسی ملازم کو بلایا جائے گا، اس حوالے سے پنجاب حکومت نے سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سمیت اعلیٰ افسران کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات پرانے اوقات رات 10 بجے تک ایس او پیز کے ساتھ جاری رہیں گی۔ بیرونی کھیلوں کے پروگرامز، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

ضلع لاہور کے دائرہ اختیار میں تعمیراتی سرگرمیوں پر ایک ہفتہ کیلئے مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم قومی اہمیت کے تعمیراتی منصوبے پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔

ضلع لاہور میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی تاہم فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل مسافر بسیں، ریسکیو و پولیس کی گاڑیاں، ادویات، طبی سامان، خوراک اور ایندھن کی سپلائی والی ہیوی ٹرانسپورٹ پابندی سے مستشنی ہوں گی۔

تمام مارکیٹس شام 8 بجے کے بند ہوں گی، فارمیسی میڈیکل اسٹورز، طبی سہولیات اور ویکسینیشن سینٹرز، پٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں، آٹا چکیاں، دودھ و ڈیری کی دکانیں پابندی سے مستشنیٰ ہوں گی۔

ای کامرس، کال سنٹرز، پوسٹل، کورئیر سروسز، یوٹیلیٹی سٹورز، بجلی، قدرتی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس، ٹیلی کام، پاسپورٹ، نادرا مراکز، اسپتال، کلینکس، لیبارٹریز کلیکشن پوائنٹس اور میڈیکل اسٹورز بھی پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔

قانون نافذ کرنے والے اہلکار پابندی سے مستشنی ہوں گے، مذہبی رسومات جیسے آخری رسومات، نماز جنازہ، تدفین اور متعلقہ تقریبات پابندی سے مستشنیٰ ہوں گی، یوٹیلیٹی کمپنیاں، واسا، میونسپلٹی، این ٹی ڈی سی، ڈسکوز اور ایس این جی پی ایل پابندی سے مستشنیٰ ہوں گے۔

بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز صرف فارمیسی کے حصے کھلے رکھیں گے جبکہ دیگر تمام سیکشن آٹھ بجے کے بعد بند رہیں گے، اینٹوں کے بھٹوں اور دیگر بھٹیوں پر مبنی صنعتوں کے کام پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

شام 4:00 بجے کے بعد ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی، رات 8 بجے کے بعد ٹیک اوے پر مکمل پابندی ہوگی، آؤٹ ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی، شام 4 بجے کے بعد ریسٹورینٹس کے پارکنگ ایریاز میں بھی کھانے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی، سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں اسموگ کے مریضوں کے لئے خصوصی کاؤنٹرز قائم ہوں گے، ریسکیو 1122 اسموگ متاثرہ مریضوں کی ترجیحی بنیادوں پر فوری معاونت کرے گا اور اسموگ سے متعلق کالز کو ترجیحی بنیادوں پر وصول کرنے کا پابند ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا کہنا ہے کہ عوام سے اسموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مکمل تعاون کی اپیل ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ پابندیوں کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کلا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی قسم کی متعلقہ معلومات کے حصول یا شکایت کی صورت میں ڈی سی آفس کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر واٹس ایپ میسج یا ڈی سی آفس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میسج یا کمپلینٹ کی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

Load Next Story