منشیات کی تعلیمی اداروں میں فروخت اور بیرون ملک اسمگلنگ کی کوششیں ناکام
اے این ایف نے منشیات کی تعلیمی اداروں میں فروخت اور بیرون ملک اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنادیں۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، جس میں 8 کارروائیوں کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کرکے 78 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 68 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
مختلف آپریشنز کے دوران سرگودھا میں یونیورسٹی کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزم سے ایک کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
علاوہ ازیں پشاور میں رِنگ روڈ پر کار کے خفیہ خانوں سے 10 کلو 800 گرام افیون اور 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح پشاور میں کوریئر آفس میں 4 عدد پارسلز سے مجموعی طور پر 12 کلوگرام چرس برآمد کرلی گئی۔ یہ پارسلز سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانولہ بھیجے جا رہے تھے۔
دوسری جانب ٹھوکر نیاز بیگ لاہور کے قریب گاڑی میں موجود 4 ملزمان کے بیگوں اور ذاتی قبضے سے 9 کلو 600 گرام چرس اور 2 کلو 400 گرام افیون برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح جوہر ٹاؤن لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے بحرین بھیجے جانے والے پارسل سے 184 گرام آئس برآمد ہوئی۔
اُدھر فیصل آباد میں گاڑی سے 24 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 50 عدد ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ ببرلو ٹول پلازہ سکھر کے قریب مسافر بس میں سوار ملزم سے 994 گرام آئس برآمد ہوئی۔
تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔