نیٹ فلکس ڈاؤن، سوشل میڈیا پر شکایتوں کا طوفان آگیا
معروف امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس باکسنگ ایونٹ کے دوران ڈاؤن ہوگیا جس نے شائقین کو مایوس کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس پر جمعہ کے روز مائیک ٹائسن اور جیک پال کے درمیان ہونے والے باکسنگ کے لائیو ایونٹ کے دوران نیٹ فلکس اسٹریمنگ کے مسائل کا شکار ہوگیا جس سے صارفین تشویش میں پڑگئے۔
آرلنگٹن، ٹیکساس کے اے ٹی اینڈ ٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے سے پہلے ہی صارفین نے ویڈیو کے معیار میں خرابی، پکسلز پھٹنے، اسٹریمنگ رکنے اور حتیٰ کہ ایپ کے کریش ہونے کی شکایت کی۔
صرف امریکہ میں ہی نیٹ فلکس کے ڈاؤن ہونے کی 80 ہزار سے زائد رپورٹس ریکارڈ کی گئیں جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی ہیش ٹیک نیٹ فلکس کریش ٹرینڈ کرنے لگا۔
ویب سائٹ ٹریکنگ پلیٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے شام 8 بجے مقامی وقت پر نیٹ فلکس کی ویب سائٹ پر مسائل کی رپورٹ میں اضافے کی اطلاع دی جو رات 9:30 بجے 88,700 شکایات تک پہنچ گئیں۔
ایکس پر صارفین نے باکسنگ میچ کے دوران ویڈیوز کی خرابی سے متعلق ’جی آئی ایف‘ اور تصاویر شیئر کیں جس پر طنزیہ تبصرے بھی کئے گئے اور اسٹریمنگ ویب سائٹ پر شدید تنقید کیا گئی۔
رات 11 بجے کے بعد شروع ہونے والے باکسنگ کے مرکزی مقابلے کے دوران بھی اسٹریمنگ میں مسائل کی اطلاعات موصول ہوئیں، لیکن یہ ابتدائی شکایات کے مقابلے میں کم تھیں۔ نیٹ فلکس کے ترجمان نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
یاد رہے کہ 58 سالہ باکسر مائیک ٹائسن، جو سابق ہیوی ویٹ چیمپئن اور باکسنگ کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں، کا مقابلہ 27 سالہ جیک پال سے ہوا، جو یوٹیوبر سے باکسر بننے کا سفر طے کر چکے ہیں۔ اس بڑے مقابلے کیلئے مداح پرجوش تھے اور ہزاروں افراد بیک وقت یہ مقابلہ نیٹ فلکس پر دیکھ رہے تھے جب انہیں اسٹریمنگ میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔