کوہ پیما اسد انٹار کٹکا کی چوٹی سر کرنے کی کوشش کریں گے
پاکستان کے نوجوان کوہ پیما اسد علی میمن دنیا کے سرد ترین مقام انٹارکٹکا کی چوٹی ونسن کو سر کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسد میمن 16ہزار 50 چوٹی سر کرنے دسمبر کے پہلے ہفتہ میں روانہ ہوں گے۔
ماضی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے اسد علی میمن نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ 98 فیصدی برف سے ڈھکے مستقل غیر انسانی آبادی والے دنیا کے پانچویں براعظم میں -80 سے -90 سینٹی گریڈ درجہ حرارت تک پہنچ جانے والے موسم کی چوٹی تک رسائی پانا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دو برس سے مقصد کے حصول کے لیے ٹریننگ اور اسکردو کے ٹھنڈے موسم میں مشقیں کرکے خود کو موسم کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار کیا،قومی دعائیں شامل حال رہیں تو ونسن چوٹی کو سر کرنے کے بعد وہاں پاکستانی پرچم لہراؤں گا۔
اسد علی میمن نے مزید کہا کہ معاونت اورتعاون پر سندھ حکومت اور دیگر اداروں کا شکر گزار ہوں، کوہ پیمائی کے فروغ اور ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اکیڈمی قائم کروں گا۔