بورڈ نے عاقب جاوید کو عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے پر قائل کرلیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کو عبوری طور پر کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے پر قائل کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں 2 بار کی چیمپئین ٹیم کے ہیڈکوچ عاقب جاوید دورئہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں کوچنگ کے فرائض نبھائیں گے۔
قبل ازیں دورۂ آسٹریلیا سے قبل گیری کرسٹن نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو دورۂ آسٹریلیا کے لیے عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: سابق کرکٹر عاقب جاوید ہیڈکوچ بنائے جانے کا امکان
تاہم جیسن گلیسپی وائٹ بال فارمیٹ میں مزید ذمہ داری نہیں نبھانا چاہتے اس لیے بورڈ نے عاقب جاوید سے بات چیت کی اور انہیں قائل کیا۔
مزید پڑھیں: پی سی بی نے غیر ملکی کوچز کو الوداع کہنے کی تیاری کرلی
یاد رہے کہ ماضی میں جب مصباح الحق نے سلیکشن اور کوچنگ کی ذمہ داریاں ساتھ سنبھالی تھیں تو ان کے سب سے بڑے ناقد عاقب جاوید ہی تھے۔
البتہ دونوں میں نمایاں فرق کوچنگ کے تجربے کا ہے، عاقب گزشتہ 20 سالوں سے مختلف ٹیموں کی کوچنگ کررہے ہیں، وہ زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں وہ بطور سلیکٹر بھی کام کرتے رہیں گے۔