کراچی: اورنگی ٹاؤن میں چھاپے کے دوران 3 لیڈی پولیس سرچرز نے گھر سے 25 لاکھ روپے چرالیے

پولیس نے لوٹی گئی مجموعی رقم میں سے 16 لاکھ روپے برآمد کرلیے، تینوں اہلکار معطل

(فوٹو: فائل)

کراچی:

اورنگی ٹاؤن میں چھاپے کے دوران 3 لیڈی پولیس سرچرز نے گھر سے 25 لاکھ روپے چرالیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعہ اورہفتے کی درمیانی شب آئی جی سندھ کی ٹاسک فورس کے ڈی ایس پی ملیرعابد فضل مہر کی نگرانی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پراورنگی ٹاؤن سیکٹر 12 ایل گلی نمبر9 موریا گوٹھ میں واقع ایک گھر پرقائم گٹکا ماوا کی  فیکٹری پر چھاپہ مارا تھا۔

چھاپے کے دوران  خالی پلاٹ کے صحن سے 75 کلو گرام تیار شدہ گٹکا ماوا، 48 کلو چھالیہ سمیت دیگرسامان قبضے میں لیا گیا تھا، چھاپہ مار کارروائی کے دوران 2 ملزمان محمد یونس عرف نونیا اورمحمد حسین کو گرفتارکر کے ان کے خلاف اورنگی ٹاؤن تھانے میں سرکاری مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 622 بجرم دفعہ 8/5/4 کے تحت درج کیا گیا۔

چھاپہ مارکارروائی کے بعد ٹاسک فورس روانہ ہوئی توچھاپے کے مقام سے اہلخانہ اورنگی تھانے پہنچے اورگھرسے 25 لاکھ روپے، 900 درہم اور کچھ ریال لوٹے جانے کا انکشاف کیا۔

واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی انچارج ڈی ایس پی نے راستے میں ہی  ٹاسک فورس کی چھاپہ مار پارٹی کو روک لیا، تمام اہلکاروں کی تلاشی لی اوراس دوران 2 لیڈی کانسٹیبلزارم اورمائرہ کے بیگز سے 16 لاکھ روپے نقد برآمد کرلیے گئے۔

مزید رقم کی برآمدگی کے لیے لیڈی سرچرزکو بلوا کر دونوں خاتون پولیس اہلکاروں کی جسمانی تلاشی بھی لی گئی مگرمزید رقم برآمد نہیں ہو سکی۔ اس واقعے کے بعد ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے تینوں لیڈی پولیس کانسٹیبل ارم ،مائرہ خان اورہیڈ کانسٹبل شازیہ کو معطل کےان کے خلاف انکوائری کاآغاز کردیا گیا، ایس پی ملیرسعید رند کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا۔

ایس پی ملیر سعید رند کا کہنا ہے کہ معطل لیڈی سرچرزکو انکوائری کے سامنے پیش ہونے کے لیے شوکاز لیٹر جاری کردیا گیا ہے، واقعے کی صاف شفاف انکوائری کی جائے گی اوراس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ٹاسک فورس نے جس گٹکا ماوا بنانے والی فیکٹری پرچھاپہ مارا ان کے پاس اتنی بڑی رقم کہاں سے آئی۔

Load Next Story