سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل؛ مقدمے کی جلد سماعت کیلیے درخواست سپریم کورٹ میں دائر

درخواست میں کیس کو نومبر کے آخری ہفتے میں مقرر کرنے کی استدعا

اسلام آباد:

سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کا معاملے پر وکیل لطیف کھوسہ نے مقدمے میں جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

درخواست میں کیس کو نومبر کے آخری ہفتے میں مقرر کرنے کی استدعا کی گئی۔

وکیل لطیف کھوسہ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ 13 دسمبر 2023 کو سپریم کورٹ نے مقدمے کو جنوری کے تیسرے ہفتے میں مقرر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی حکم کے باوجود مقدمہ آج تک مقرر نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں؛ فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس سپریم کورٹ کا ملزمان سے غیر انسانی سلوک نہ کرنے کا حکم

واضح رہے کہ 11 جولائی 2024 کو فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کیس میں سپریم کورٹ نے ملزمان سے غیر انسانی سلوک نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی تھی۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق اپیلوں پر سماعت کی تھی۔

Load Next Story