لاہور میں بیرونی سرگرمیوں پر پابندی میں 24 نومبر تک توسیع
لاہور میں اسموگ کے باعث بیرونی سرگرمیوں پر عائد پابندی میں 24 نومبر تک توسیع کردی گئی۔
ڈی جی ادارہ تحفظ ماحول کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع لاہورمیں تعمیراتی سرگرمیوں پر ایک ہفتہ کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے تاہم قومی اہمیت کے تعمیراتی منصوبے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ہیوی ٹرانسپورٹ وییکلز کے شہرمیں داخلے پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ کی حامل ہیوی ٹرانسپورٹ جو ایندھن، ادویات، اسپتال اور کھانے کی سپلائی کی اشیاء لے جاتی ہیں پابندی سے مستشنی ہوں گی۔ جن مسافر بسوں کے پاس وی آئی سی ایس سرٹیفکیشن ہے ان پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ایمرجنسی گاڑیاں جیسے ایمبولینس، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 کی گاڑیاں، پولیس اور جیل کی گاڑیاں پابندی سے مستشنی ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، طبی سہولیات ، ویکسینیشن سینٹرز، پیٹرول پمپس، آئل ڈپو، تندور، بیکریاں، مٹھائی کی دکانیں، آٹا چکیاں، دودھ و ڈیری کی دکانیں پابندی سے مستشنی ہوں گی۔ ای کامرس، کال سنٹرز، پوسٹل، کورئیر سروسز، یوٹیلیٹی سٹورز، بجلی، قدرتی، گیس، انٹرنیٹ، سیلولر نیٹ ورکس، ٹیلی کام، پاسپورٹ اور نادرا مراکز پرپابندی نہیں ہوگی۔
قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں سے متعلق اہلکار پابندی سے مستشنی ہوں گے۔مذہبی رسومات جیسے آخری رسومات، نماز جنازہ، تدفین اور متعلقہ تقریبات پرپابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ یوٹیلیٹی کمپنیاں، واسا، میونسپلٹی، این ٹی ڈی سی، ڈسکوز اور ایس این جی پی ایل پابندی سے مستشنی ہوں گی۔ اینٹوں کے بھٹوں اور دیگر بھٹیوں پر مبنی صنعتوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ شام 4 بجے کے بعد ریسٹورنٹس میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی ہو گی جبکہ رات 8 بجے کے بعد ٹیک اوے پر بھی پابندی ہوگی۔ آؤٹ ڈور ڈائنگ پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
تمام یونیورسٹیز اور کالجز بند رہیں گے۔ یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹس کو 8 بجے بند کروانے اور آؤٹ ڈور ڈائنگ پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کے لیے آپریشن کیا۔
اسموگ کے باعث 8 بجے دکانیں اور ریسٹورنٹس بند کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر 50 دکانیں، 34 ریسٹورنٹس اور3 بیکریوں سمیت 25 باربی کیو شاپس سیل کردی گئیں۔ دکانداروں و ریسٹورنٹس مالکان کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔
تحصیل سٹی میں آپریشن کے دوران 3 دکانیں، 08 ریسٹورنٹس، 25 باربی کیو، 2 بیکریوں کو اوقات کار کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا جبکہ تحصیل صدر میں 12 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ تحصیل راوی میں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 15 ریسٹورنٹس اور 02 بیکریاں سیل کی گئیں۔
تحصیل رائیونڈ میں 04 دکانیں، ایک ریسٹورنٹ، تحصیل شالیمار میں5 دکانیں اورایک ریسٹورنٹ سیل کیا گیا جبکہ تحصیل واہگہ میں 6 دکانوں اور4 ریسٹورنٹس کو اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔ تحصیل نشتر میں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 10 دکانیں سیل کی گئیں اور حصیل علامہ اقبال زون میں 5 ریسٹورنٹس اور ایک دکان کو سیل کیا گیا۔