اسلام آباد میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن جونئیر لیگ کا آغاز
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن جونئیر لیگ کا آغاز ہوگیا۔
لیگ کی افتتاحی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ملک میں ٹینس سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول اور ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اعصام الحق نے پاکستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ بارہ ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت خوش آٸند ہے جس سے ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی بحالی کیلٸے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلٸے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹینس کے میدان میں فیڈریشن کو جو تعاون درکار ہوگا فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس میں ٹینس کو بھی شامل کرینگے۔21نومبر سے سپورٹس کا بڑا ایونٹ یونیورسٹی اولمپیاڈ شروع ہونے جارہا ہے۔اس کے آئندہ ایونٹ میں ٹینس کو بھی شامل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے مثبت خبریں آنا شروع ہو گٸی۔ ملکی معیشت بہتری کی جانب جارہی ہے،سٹاک ایکسچینج نے 95ہزار پوائنٹس کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔مہنگائی میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافہ ہواہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری دوبارہ پاکستان آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شعبے میں ہم نے ترقی کرنی ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔