کراچی: مزاحمت پر شہری کو قتل کرنیوالے ڈکیت کو سزائے موت
عدالت نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے میں ملوث ایک ملزم کو موت اور دوسرے کو عمر قید کی سزا سنادی۔
ماڈل ٹرائل عدالت غربی کے جج امیر الدین نے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ عدالت نے ملزم فاروق کو سزائے موت جبکہ ملزم ملک مختیار کو عمر قید کی سزا سنادی۔
عدالت نے ملزم کو متوفی کے ورثاء کو 3 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا اور فیصلے میں کہا کہ عدم ادائیگی پر مزید ایک سال قید کاٹنا ہوگی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو ڈکیتی کی دفعہ پر مزید 10 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے دونوں ملزمان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ سرکاری وکیل طاہر خان کے مطابق واقعہ ستمبر 2020 میں صبح کے وقت پیش آیا تھا۔ مقتول التمیر بس اڈے پر اپنے بیٹے مصطفیٰ کے ساتھ چوکیداری کر رہا تھا۔
دونوں کسی کام سے گئے تو 4 موٹر سائیکل سوار ملزمان نے روک کر بائیک چھین لی۔ اس دوران ڈکیتوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں التمیر زخمی ہوگیا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ملزمان کیخلاف تھانہ سرجانی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔