سوئس گروپ کو ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد شیئرز خریدنے کی منظوری

یہ گزشتہ ایک سال میں پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والی تیسری بڑی ٹرانزیکشن ہے

اسلام آباد:

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سوئس گروپ گین ور کو ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد شیئرز خریدنے کی منظوری دیدی۔

کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دی جانیوالی منظوری کے تحت دونوں کمپنیوں کے مابین شئیرز سیلز پرچیز ایگریمنٹ کے مطابق ٹوٹل پارکو کی ملکیتی کمپنی، ٹوٹل انرجیز مارکیٹنگ لمیٹڈ کے پچاس فیصد شئیرز، ایکواشور ایس اے کو منتقل ہو جائیں گے، یہ گزشتہ ایک سال میں پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والی تیسری بڑی ٹرانزیکشن ہے۔ 

اس سال کے شروع میں سعودی آرامکو نے آئل مارکیٹنگ کمپنی گو پیٹرولیم میں 40 فیصد ایکویٹی شئیرز حاصل کئے تھے۔ بعد ازاں سعودی گروپ، میسرز وافی انرجی ہولڈنگ لمیٹڈ نے شیل پاکستان لمیٹڈ کی 77.42 فیصد شیئر ہولڈنگ اور کنٹرول حاصل کیا۔ یہ ٹرانزیکشن پاکستان کے توانائی کے شعبے میں دنیا کی بڑی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔

 گین ور گروپ اجناس کی تجارت کرنے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے جو کہ ٹریڈنگ اور لاجسٹکس میں وسیع تجربے کی حامل ہے۔ گین ور کا کماڈٹی ٹریڈنگ اور لاجسٹکس کا وسیع تجربہ ذیلی کمپنی، ایکواشور کو اسٹریٹجک سپورٹ فراہم کرے گا جبکہ ٹوٹل پارکو پاکستان لمیٹڈ، فیول کی ریٹیل فروخت کے اسٹیشنوں کا ایک وسیع نیٹ ورک آپریٹ کرتا ہے۔ 

کمپٹیشن کمیشن نے مذکورہ ٹرانزیکشن کے لیے متعلقہ مارکیٹ کی تعریف ’ریٹیل فیول، آٹوموٹیو لبریکنٹس، اور انڈستڑیل لبریکنٹس ‘ کے طور پر کی ہے یہ ٹرانزیکشن پاکستان کی توانائی اور آٹوموٹیو سیکٹرز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مثبت رجحان کو ظاہر کرتا ہے۔ 

Load Next Story