کراچی شہر میں غیرقانونی طور پر داخل ہونیوالی گاڑیوں کیخلاف آپریشن، 44 لاکھ سے زائد جرمانے عائد

اگست 2024 سے جاری آپریشن میں اب تک 1392 گاڑیوں کو چالان کیا گیا اور 80 گاڑیاں تحویل میں لی گئیں

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی  ہدایات پر کراچی شہر میں غیر قانونی داخل ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے اگست 2024 سے جاری آپریشن میں اب تک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر  1392 گاڑیوں کو چالان کر کے مجموعی طور پر 44 لاکھ 28 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 80 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں اور 58 روٹ پرمٹس معطل کر دیے گئے، قوانین کی خلاف ورزیوں پر 18 ٹرانسپورٹرز کو وارننگز جاری  کر دی گئی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کا مقصد تمام ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کو قانونی معیارات کے مطابق لانا ہے، غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف آپریشن  سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بہت کمی آئی  ہے۔

ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ  حکومت سندھ بلا تفریق قانون کے نفاذ کے لیے پر عزم ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری اولین ترجیح غیر قانونی اور غیر محفوظ گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانا اور شہریوں کی پریشانی کا خاتمہ یقینی بنانا  ہے ۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام حکام سے تعاون کریں اور ٹرانسپورٹرز  قوانین پر سختی سے عمل کریں۔

Load Next Story