پی ٹی آئی کے 24 نومبر احتجاج کے اہم اجلاسوں سے عاطف خان سمیت 7 ارکان مسلسل غیر حاضر

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہاؤس میں پی ٹی آئی قیادت اور بشریٰ بی بی احتجاج کو کامیاب بنانے کیلیے سرگرم ہیں

فوٹو فائل

پشاور:

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت 24 نومبر کو حتمی احتجاج کی کامیابی کے لیے سر توڑ کوششوں میں مصروف ہے اور اس حوالے سے اجلاس بھی کررہی ہے جس میں ناراض اراکین اسمبلی نے ابھی تک شرکت نہیں کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس خیبرپختونخوا میں 24 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں میں اب تک ناراض ارکان عاطف خان، شکیل خان، جنید اکبر اور دیگر 7 ارکان نے شرکت نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف خان کابینہ سے شکیل خان کو نکالنے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ناراض ہیں جبکہ علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے گزشتہ دنوں آڈیو میسجز بھی لیک ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا ٹیم کے انچارج اکرام کھٹانہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیدار 24 نومبر احتجاج کیلئے تیار ہیں، تمام ارکان اسمبلی احتجاج اور جلسوں میں قافلوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما عاطف خان نے میڈیا سے گفتگو میں ناراضی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں شرکت کیلئے میسج ملا ہوگا البتہ میں نے نہیں دیکھا، میٹنگ میں جانا ضروری نہیں، احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم ہے۔

انہوں نے اجلاسوں میں عدم شرکت کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں مردان میں ہوں اور ہم ہر صورت اسلام آباد جائیں گے،مجھےپیسوں کی ضرورت نہیں، احتجاج کےاخراجات خود اٹھاوں گا۔
 

Load Next Story