گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی انمول بشنوئی گرفتار
بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے بھائی کو امریکہ میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حکام نے بھارت کے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کو حراست میں لے لیا ہے۔
بھارتی ایجنسیوں کے حکام نے بتایا کہ انہیں ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ گولڈی برار کے ساتھ مل کر امریکا سے گینگ کی سرگرمیاں چلانے والے انمول بشنوئی کو چار سے پانچ دن پہلے کیلیفورنیا میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بھارتی حکام اس معاملے پر مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے باضابطہ چینلز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ یہ کسی مطلوب گینگسٹر کی گرفتاری کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ کے آخر میں ارشدیپ سنگھ گل عرف ارش دلا کو کینیڈا سے حراست میں لیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق انمول بشنوئی کو آخری مرتبہ کیلیفورنیا کے شہر فریسنو میں دیکھا گیا تھا، لیکن یہ واضح نہیں کہ اسے کہاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکی حکام پہلے ہی انمول بشنوئی کی موجودگی کے حوالے سے ممبئی پولیس سے رابطے میں تھے۔ ممبئی پولیس سلمان خان کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کے واقعے اور این سی پی رہنما بابا صدیق کے قتل جیسے مقدمات میں بھی انمول بشنوئی کے ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام انمول بشنوئی کی بھارت حوالگی کے لیے امریکا کو درخواست دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے انمول بشنوئی کوانتہائی مطلوب مجرموں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے اور اس کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔