کپل دیو نے چیمپئینز ٹرافی پر رائے دینے سے دامن بچالیا

میں ملک یا حکومت سے بڑا نہیں جو موقف دے سکوں، سابق بھارتی کپتان

بھارت کو 1983 میں پہلا ورلڈکپ جتوانے والے سابق لیجنڈری کرکٹر کپل دیو بھی چیمپئینز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد سے انکار پر جواب دینے گریز کرنے لگے۔


بھارت نے آئی سی سی کے میگا ایونٹ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شدید ناراض ہے جبکہ ہائبرڈ ماڈل کے آپشن پر صاف انکار کردیا گیا ہے جس سے آئی سی سی براڈ کاسٹرز کو بڑے مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل پھر مسترد کردیا

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے سابق کپتان کپل دیو سے سوال کیا تو انہوں نے دامن چھڑاتے ہوئے بال حکومت کے کورٹ میں ڈال دی، انکا کہنا تھا کہ 'ہمارے جیسے لوگوں کو اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دینا چاہیے، میں ملک یا حکومت سے بڑا نہیں جو موقف دے سکوں'۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 اگلے برس فروری اور مارچ میں پاکستان میں شیڈول ہے تاہم بھارت ہمیشہ کی طرح ٹیم کی سیکیورٹی کا بہانہ بناکر پاکستان آکر کھیلنے سے صاف انکار کردیا ہے جبکہ آئی سی سی کو ہائبرڈ ماڈل پر ٹورنامنٹ کروانے پر زور دیا ہے۔

مزید پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی؛ بھارت کے ”ہائبرڈ ماڈل” کیلئے دیگر بورڈز سے رابطے تیز

دوسری جانب حکومت کی جانب سے سخت موقف اپنانے کے بعد پی سی بی نے بھی ٹورنامنٹ کو پاکستان میں کروانے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور ہائبرڈ ماڈل ماننے سے انکار کردیا ہے۔
 

Load Next Story