پاکستان ریلویزپولیس کی کارروائی، ریلوے کا قیمتی سامان چرانے والا گروہ گرفتار
پاکستان ریلویز پولیس نے قیمتی سامان چرانے والے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں کارروائی میں قیمتی میٹریل چرا کر فرار ہونے والے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان 2 روز قبل الیکٹرک ڈپو جنرل اسٹور کی کھڑکیاں اور بند دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ ملزمان نے ریلوے کا 25 مختلف اقسام کا قیمتی سامان چوری کیا۔ سامان میں 300 کلو وزنی لاکھوں مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد کرلیا گیا جس میں سسپنشن بیئرنگ، کوائل، ٹریکشن موٹر، پمپ اور پسٹن وغیرہ شامل ہیں۔
ملزمان میں شاہد اختر، سجاد، ناصر خان، اسماعیل خان اور زاہداللّه شامل ہیں۔ ملزمان کو ایس ایچ او مغلپورہ ورکشاپس محمد سجاد اور ٹیم نے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس مغلپورہ ورکشاپس میں پہلے سے ہی مقدمہ درج تھا۔ ملزمان کا مزید ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش کو جاری رکھا جائے گا ۔ مزید چوری شدہ سامان برآمد ہونے کا امکان ہے۔