کراچی: رینجرز نے لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کرلیا
رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کاروائی میں لیاری گینگ وار سلیم چاکلیٹی گروپ کے انتہائی مطلوب ملزم آصف عرف آصف دبئی کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزم 2011 میں لیاری گینگسٹر امجد عرف چپو کے کہنے پر لیاری گینگ وار کمانڈر سلیم چاکلیٹی کے گروپ میں شامل ہوا تھا، 2014 میں کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لئے دبئی فرار ہوا اور وہاں سے ایران میں روپوش رہا۔
ملزم لیاری گینگ وار کے دیگر ساتھیوں راشد عرف کانا، سلیم چاکلیٹی، بلال، برکت عرف بھرا، امجد عرف چپو، زاہد بی ایل اے انور عرف ہڈی اور مخدوم عرف ڈاون کے ساتھ مل کر کراچی کے علاقے لیاقت آباد، حاجی مرید گوٹھ اور پر انا گولیمار کے علاقوں میں دس سے زائد افراد کے قتل و اقدام قتل، منشیات فروشی، بھتہ وصولی، مخالف گروپوں کے ساتھ لڑائیوں، پولیس مقابلوں اور گاڑی چھیننے کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔
کچھ عرصہ قبل ملزم واپس آکرمنشیات فروشی کا کام کر تا رہا اور لیاری گینگ وار کا نیٹ ورک دوبارہ بحال کرنے کے لئے سرگرم تھا، گرفتارملزم کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ملزم اس سے قبل 2014 میں گاڑیاں چوری کر نے کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد مفرور ہوگیا تھا۔ ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔