اہلیہ نے میری فلم کو ’بکواس‘ کہہ دیا پھر کبھی اس پروڈیوسر سے کام نہیں ملا، اکشے کمار
بالی ووڈ کے مشہور ایکشن ہیرو اکشے کمار نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے صاف گو تبصروں کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکشے کمار نے بتایا کہ وہ اپنی فلموں کی اسکریننگ کے دوران اہلیہ کو ساتھ لے جانے سے گریز کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فلم دیکھتے ہوئے ٹوئنکل کے تبصرے جیسے ’یہ سین بے کار ہے‘، ’کلائمیکس بہت لمبا ہے‘، اور ’یہ فلم اچھی نہیں ہے‘ سننے کو ملتے ہیں۔
اکشے نے بتایا کہ پہلی بار جب وہ ٹوئنکل کو فلم کے ٹرائل میں لے کر گئے، تو پروڈیوسر نے ان سے فلم کے بارے میں پوچھا، جس پر ٹوئنکل نے صاف گوئی سے جواب دیا، ’بکواس‘ اس کے بعد وہ پروڈیوسر دوبارہ اکشے کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہ ہوا اور کوئی فلم آفر نہیں کی۔
اکشے نے مزید کہا کہ وہ ٹوئنکل کی ذہانت اور بصیرت کو سراہتے ہیں اور جانتے ہیں کہ انکی اہلیہ بےحد باریک بینی سے فلم دیکھ کر اس پر تبصرہ کرتی ہیں۔ لیکن اگر انہیں کوئی چیز پسند آتی ہے تو وہ اس کی تعریف کرتی ہیں۔
اکشے کمار نے اپنی فلم ’کھیل کھیل میں‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ٹوئنکل کو بہت پسند آئی، اگرچہ یہ زیادہ کامیاب نہ ہوئی، لیکن ان کے لیے یہ ایک کامیاب فلم جیسی ہی تھی کیونکہ ان کی اہلیہ نے اس فلم کی تعریف کی تھی۔
یاد رہے کہ اکشے کمار حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سنگھم اگین‘ میں کیمیو رول ادا کرتے دکھائی دیئے تھے۔