بالی ووڈ اور پاکستانی فنکاروں کو ایک ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیئے، فہد مصطفیٰ

اگر ساتھ کام کرنے کی اجازت مل جائے تو تیسرے ملک جاکر شوٹنگ نہ کرنی پڑے

پاکستان شوبز کے اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ سیاست کو فن سے علیحدہ رکھتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے فنکاروں کا ایک ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیئے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا آن لائن دیئے ایک انٹرویو میں فہد مصطفیٰ نے کئی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ پاک بھارت اور ان کے لوگ ایک جیسے ہیں پاکستان کے ڈرامے بھارت میں دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں اس ہی طرح بھارت کی فلمیں پاکستان میں بےحد پسند کی جاتی ہیں۔

فہد مصطفیٰ نے پاک بھارت کے فنکاروں کے درمیان ایک ساتھ کام کرنے پر عائد پابندی کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کے فنکار ایک ساتھ کام کریں گے تو بہت مزہ آئے گا اور دونوں ملکوں کے فنکاروں کا فائدہ بھی ہوگا۔

فہد نے کہا کہ ابھی اگر کسی کو مل کر کام کرنا ہو تو انڈیا یا پاکستان سے باہر کسی تیسرے ملک میں جاکر شوٹنگ کرنی پڑتی ہے تاہم اگر ساتھ کام کرنے کی اجازت مل جائے تو تیسرے ملک جاکر شوٹنگ نہ کرنی پڑے۔

ایمازون اور نیٹ فلکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ’کبھی میں کبھی تم‘ کے اداکار نے کہا کہ اس ڈرامے کی پروڈکشن نیٹ فلکس یا کسی عالمی پلیٹ فارم جیسی تھی ہمارے پر بےشک کوئی پلیٹ فارم نہیں تھا مگر اس ڈرامے سے ہم نے ثابت کیا کہ ہم بھی عالمی سطح پر کام کر سکتے ہیں۔

اداکار نے اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی پاکستان کے فنکاروں کو بھی نیٹ فلکس اور ایمازون جیسے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر پرفارم کرنے کا موقع ملے گا اور وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

بالی ووڈ کے اداکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اداکارعرفان خان ان کے پسندیدہ اداکار تھے اور انکا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

Load Next Story

انٹرٹینمنٹ

رائے