کراچی؛ رہائشی علاقے میں 2 بندروں نے ہلچل مچادی، سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل

محکمہ جنگلات کی ٹیم کا موجود بندروں کی تعداد کے حوالے سے چڑیا گھر انتظامیہ سے رابطہ

کراچی:

کراچی؛ رہائشی علاقے میں 2 بندروں نے ہلچل مچادی، جنہیں پکڑنے کےلیے سرکاری ادارہ بھی حرکت میں آ گیا۔

شہر قائد کے علاقے سولجر بازار میں البیلا چوک کے قریب رہائشی علاقے میں 2 بندروں کی موجودگی کا پتا چلا، جس کے بعد ان کی تلاش شروع کردی گئی۔ سلمان نامی شہری نے علی الصبح معصوم شاہ مسجد سولجر بازار کے قریب 2 بندر دیکھنے کی اطلاع دی۔

شہری کی جانب سے ملنے والی اطلاع کو معتبر جانتے ہوئے محکمہ جنگلات کی ٹیم کو بندر پکڑنے کے لیے طلب کیا گیا۔ واقعے کے بعد محکمہ جنگلات کی ٹیم نے چڑیاگھر انتظامیہ سے بھی موجود بندروں کی تعداد وغیرہ سے متعلق معلومات حاصل  کیں۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل بھی سولجر بازار ہی کے ایک رہائشی علاقے میں بندر کے گھومنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

بندر کو پکڑنے کے لیے سندھ وائلڈ لائف کی ٹیم انسپکٹر اعجاز نوندانی کی قیادت میں سولجر بازار کے علاقے میں پہنچی۔

Load Next Story