بھنگ کی 36 پروڈکٹس تیار کرلی ہیں، چیرمین پی سی ایس آئی آر
چیرمین پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ( پی سی ایس آئی آر) ڈاکٹرحسین عابدی نے کہا ہے کہ بھنگ کی 36 پروڈکٹس تیار کرلی ہیں۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چئیرمین خواجہ شیراز محمود کی زیر صدارت اجلاس اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹرحسین عابدی کا کہنا تھا کہ جعلی رپورٹس پکڑی ہیں ان ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا ہے۔ ڈیجیٹلایزیشن ضروری ہے، مخالف قوتیں روک رہی ہیں۔ پی سی ایس آئی آر کی سولرایزیشن سے 120 ملین کی بچت ہوئی ہے۔گزشتہ تین سالوں میں 2500 ملین کی ایکسپورٹ ہوئی ہیں۔ 18 ملین ٹن زرعی کچرا پیدا کرتے ہیں مگر جلا دیتے ہیں۔ اس حوالے سے لیب تیار ہوچکی ہے ہم کمرشل شوگر بنا سکتے ہیں۔ بھنگ کی 36 پروڈکٹس تیار کرلی ہیں۔
چئیرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ گندم چاول کی طرح کاشت کرسکتے ہیں جس پر چیرمین پی سی ایس آئی آر نے جواب دیا کہ یہ کنٹرول کاشت ہورہی ہے۔ چیرمین کمیٹی نے کہا کہ بہت اچھے منصوبے ہیں۔ فنڈنگ کے لیے دہائیاں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایسے منصوبے بروقت مکمل ہونا چاہیں۔ لائف لائن ہے اور چار پانچ سالوں میں سولہ ارب نہیں دیتے جبکہ بی آئی ایس پی ساڑھے پانچ ارب ایک سال میں استعمال کرتی ہے۔فارما سیوٹیکل انڈسٹری کو بڑھانے کے لیے پی سی ایس آئی آر کا کردار زیادہ ہونے جا رہا ہے۔ فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے لیے پراجیکٹ لے کر آئیں۔ دوائیں مہنگی ہوتی جا رہی ہیں پانچ سال کا موازنہ کریں تو پہنچ سے دور ہو رہی ہیں۔
چیرمین پی سی ایس آئی آر کا کہنا تھا کہ پی سی ایس آئی آر نے الیکشن میں استعمال ہونے والی سیاہی بنا لی ہے جس پر چیرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا منصوبہ تھا اس کا کیا بنا؟ جس کا پی سی ایس آئی آر کے چیرمین نے بتایا کہ نسٹ کا منصوبہ تھا۔ چیرمین کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔