فیصل واوڈا نے تسلیم کرلیا بانی پی ٹی آئی کو امریکیوں نے نکلوایا، شیخ رشید

سیاست دان مذاکرات کے دروازے کھلے رکھتا ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ فیصل واوڈا نے بھی تسلیم کرلیا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کو امریکیوں نے نکلوایا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل بھی کہا تھا کہ مذاکرات ہونے چاہییں ۔ حالات مشکل ہیں لیکن سیاست دان مذاکرات کے دروازے کھلے رکھتا ہے۔ میں نے کبھی یہ نہیں دیکھا کہ سیاست دانوں نے مذاکرات کے دروازے بند رکھے ہوں۔ فیصل واوڈا نے تسلیم کرلیا کہ عمران خان کو امریکیوں نے نکلوایا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہمارے کے خلاف 11 کیسز ہیں۔ آج استغاثہ نے جرح کی ہے۔ ہم یہاں موجود نہیں تھے پھر بھی انہوں نے بہت شورشرابا کیا۔ ہمارے کیسز بے جان ہوگئے ہیں وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ مقدمے میں سینکڑوں ملزمان ہیں۔ جتنے بے گناہ لوگوں کو اس کیس میں پکڑا ہے انہیں رہا کیا جانا چاہیے۔

Load Next Story