چیمپئینز ترافی؛ بورڈ حکام کی نگرانی میں ٹرافی کراچی پہنچ گئی
چیمپئینز ترافی کا کپ دورہ پاکستان کے آخری مرحلے پی سی بی حکام کی نگرانی میں اسلام آباد سے کراچی پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹرافی کو مقامی ہوٹل منتقل کیا جائے گا بعدازاں شام میں فوٹو سیشن کا امکان ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو ٹرافی کے ٹور کے حوالے سے سیکیورٹی کلیرنس کا انتظار ہے، جس کے بعد ٹرافی کو نیشنل اسٹیڈیم لایا جائے گا۔
شیڈول کے تحت چیمپئینز ٹرافی کا کپ مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس بھی جائے گا بعدازاں ٹرافی کو عوامی نمائش کیلئے مختلف مقامات پر رکھا جائے گا۔
مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ بھارتی انکار پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کے درمیان ووٹنگ کا امکان
ٹرافی کے دورہ پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے ہوا، چیمپئینز ٹرافی کو دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم، متعدد تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر لے جایا گیا تھا۔
قبل ازیں آئی سی سی نے بھارتی دباؤ کے بعد ٹرافی کے دورہ پاکستان شیڈول میں رد و بدل کرتے ہوئے 3 شہروں اسکردو، ہنزہ اور مظفر آباد میں ٹرافی کا دورہ منسوخ کردیا گیا تھا۔