انداز اپنا اپنا: سلمان خان نے شوٹنگ میں تاخیر کے راز سے پردہ اٹھا دیا
کامیڈی فلموں کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھنے والی بالی وڈ فلم "انداز اپنا اپنا" کو ریلیز ہوئے 30 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ آج بھی یہ فلم اپنے شاندار کرداروں اور مزاحیہ مکالموں کے لیے یاد کی جاتی ہے۔
حال ہی میں سلمان خان کا 1992 کا ایک انٹرویو بھارتی میڈیا پر وائرل ہوا ہے، جس میں انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران کے دلچسپ واقعات اور اپنے کردار کے بارے میں اہم انکشافات کیے۔
سلمان خان نے بتایا کہ فلم میں ان کا کردار ایک "ڈمبو" شخص کا تھا، جو انہوں نے ناقابل یقین حد تک ادا کیا۔ انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے فلم کے تسلسل کو جان بوجھ کر متاثر کرنے کی کوشش کی تاکہ شوٹنگ میں تاخیر ہو۔
انہوں نے کہا : "میں انہیں نئی تاریخیں دیتا تھا، اپنی ٹوٹی ہوئی ٹانگ کا بہانہ بناتا تھا، اور یہاں تک کہ اپنے بال چھوٹے کروالیے تھے، جس سے فلم کا تسلسل خراب ہوگیا تھا،"
فلم کے ریلیز کے بعد یہ خبریں بھی گردش میں رہیں کہ عامر اور سلمان کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
فلم میں بھالا کا کردار ادا کرنے والے شہزاد خان نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کی تصدیق کی اور بتایا : "میں نے کئی بار عامر اور سلمان کے درمیان جھگڑے ہوتے دیکھے، ان کا نقطہ نظر مختلف تھا۔ عامر صبح سویرے شوٹنگ کے لیے پہنچ جاتے تھے، جبکہ سلمان دیر سے آتے تھے۔"
فلم "انداز اپنا اپنا" کی کاسٹ میں عامر خان، سلمان خان، روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور شامل تھے۔ یہ فلم 4 نومبر 1994 کو ریلیز ہوئی اور آج بھی ناظرین کے دلوں میں زندہ ہے۔