رمشا خان کے ساتھ تعلقات؟ احد رضا میر نے خاموشی توڑ دی
پاکستانی اداکار احد رضا میر نے حالیہ انٹرویو میں اپنی نجی زندگی اور ساتھی اداکارہ کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر کھل کر بات کرنے سے انکار کر دیا۔
صحافی ملیحہ رحمان کے ساتھ گفتگو کے دوران، احد رضا میر سے سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور افواہوں سے متعلق سوال کیا گیا۔ سوال میں اداکارہ رمشا خان کا نام تو نہیں لیا گیا، لیکن ان افواہوں کا حوالہ دیا گیا جو ان دونوں کے ممکنہ تعلقات کے بارے میں گردش کر رہی ہیں۔
جواب میں احد رضا میر نے کہا،"میں بور قسم کا انسان ہوں۔ مجھے نہیں لگتا لوگوں کو میری زندگی کے بارے میں جاننے میں دلچسپی ہوگی۔ میں چاہتا ہوں کہ میری زندگی نجی رہے اور لوگ وہی سمجھیں جو وہ سمجھنا چاہتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کسی تصویر یا پوسٹ پر وضاحت دینے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ "لوگ جو چاہیں سمجھیں، مجھے فرق نہیں پڑتا۔"
واضح رہے کہ احد رضا میر نے مارچ 2020 میں اداکارہ سجل علی سے شادی کی تھی۔ تاہم، 2022 میں ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں منظر عام پر آئیں۔ دونوں نے کبھی ان خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی، لیکن صحافی آمنہ عیسانی کی تصدیق کے مطابق، دونوں کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔