محمد عباس نے لیجنڈری کرکٹر عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا

وہ وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان جیسے کرکٹرز کی فہرست میں شامل ہوگئے

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے سابق کرکٹر اور 92 کا ورلڈکپ جتوانے والے کپتان عمران خان کا فرسٹ کلاس ریکارڈ برابر کردیا۔


فاسٹ بولر محمد عباس نے قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں لاہور بلیوز کی جانب سے کھیلتے ہوئے فاٹا ریجن کے خلاف پہلی اننگز میں 22 اوورز میں 6 وکٹیں صرف 39 رنز دے کر حاصل کیں، جن میں 10 میڈن اوور بھی شامل تھے جبکہ دوسری اننگز میں 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

محمد عباس فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں 13ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرکے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر عمران خان کے برابر آگئے ہیں۔

ان کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 بار ایک ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے عظیم فاسٹ بولرز وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان جیسے لیجنڈری کرکٹر کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: "بابا کی جے ہو، تھوڑا گیان فیوچر کیلئے بھی بچالو کام آئے گا"

محمد عباس فہرست میں عمران خان کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ وقار یونس 14 بار اور وسیم اکرم 16 بار 10 وکٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔

محمد عباس رواں قائداعظم ٹرافی کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی ہیں، انہوں نے اب تک 31 وکٹیں حاصل کی ہیں اور ان کی اوسط 14.39 اور اکانومی ریٹ صرف 2.35 ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی کرکٹ ہمارے پیسوں سے چل رہی ہے، بھارتی اینکر کی بڑھک پر پاکستانی صحافی کا کرارا جواب

محمد عباس نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ میڈن اوورز (60) بھی کیے ہیں۔

خیال رہے محمد عباس نے پاکستان کی جانب سے آخری ٹیسٹ میچ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔

Load Next Story