عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ اور ون ڈے ایونٹ ثابت ہوگا پرویز رشید

عمران خان خود بھی امن سے رہیں اور پاکستان کو بھی امن سے رہنے دیں،وفاقی وزیر اطلاعات

اس وقت حکومت اور پاکستانی قوم کی توجہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی طرف ہے ،سینیٹر پرویز رشید، فوٹو:فائل

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں ہے وہ خود بھی امن سے رہیں اور پاکستان کو بھی امن سے رہنے دیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ کوئیک مارچ ثابت ہوگا جبکہ یہ مارچ صرف ون ڈے ایونٹ ہوگا کیونکہ 14 اگست کی رات کو لوگ آئیں گے اور 15 کی صبح چلے جائیں گے لیکن ہم پھر بھی عمران خان سے درخواست کرتے ہیں کہ یہ وقت لانگ مارچ کا نہیں ہے وہ خود بھی امن سے رہیں اور پاکستان کو بھی امن سے رہنے دیں۔


پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت اور پاکستانی قوم کی توجہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی طرف ہے جبکہ عمران خان کی صوبہ خیبرپختونخوا میں حکومت ہے تو ان کی ذمے داری زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے تحفظ پاکستان ایکٹ بنادیا گیا ہے جس کےتحت دہشت گردوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اپنے کام کو بہتر طریقے سے انجام دے سکیں گے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تمام ممالک کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ہم اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

بعد ازاں عمران خان کے وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب پر تنقید کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف اپنے خرچے پر سعودی عرب گئے مگر عمران خان نے اس پر بھی تنقید کردی، عمران خان برطانیہ تو چلے جاتے ہیں اللہ کرے سعودی عرب اللہ کے گھر بھی جائیں۔
Load Next Story