مزار قائد پر آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کی نمائش

ٹرافی کو مزار قائد کے بعد شہر کے مختلف مقامات لے جایا گیا

مزار قائد میں ٹرافی کا فوٹو سیشن ہوا—فوٹو: ایکسپریس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تحت دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں کراچی میں موجود چیمپینز ٹرافی 2025 کی نمائش کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رہا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزارسمیت دیگر مقامات پر نمائش کی گئی۔


کراچی میں مزار قائد میں ٹرافی کی نمائش کے موقع پر فوٹو سیشن ہوا اور اس کے بعد ٹرافی کو کلفٹن کی نجی تعلیمی درس گاہ منتقل کیا گیا جہاں چمپینز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی موجود تھے اور ٹرافی کے ساتھ ان کا خصوصی فوٹو سیشن ہوا۔

مزار قائد میں ٹرافی کا فوٹو سیشن ہوا—فوٹو: ایکسپریس

سرفراز احمد نے پاکستان کی تاریخی فتح کے حوالے سے خوش گوار یادیں بھی تازہ کیں۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ محسن نقوی اور جے شاہ میں ٹیلیفونک گفتگو ہونے کا امکان

انگلینڈ اور ویلز میں 2017 میں یکم سے 18 جون کے دوران منعقدہ چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں اوول کے گراؤنڈ پر پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے تاریخی فتح اپنے نام کی تھی۔

نجی درس گاہ میں طلبا و طالبات نے بھی چیمپینز ٹرافی کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنواتے رہے۔

ٹرافی کوبلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتربھی لایا گیا، میئرکراچی مرتضی وہاب اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا، اس موقع پر کے ایم سی کے اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ کپ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر پہنچا دیا گیا

میئر کراچی اور ناصر شاہ نے ٹرافی ہاتھوں میں تھام کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے چمپینز ٹرافی 2025 کے پاکستان میں کامیاب انعقاد کے حوالے سے بھرپور امید کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چمپینز ٹرافی کے انعقاد سے پاکستان کا دنیا بھر میں مثبت تاتر جائے گا، اہلیان کراچی ٹرافی اپنے درمیان پاکر بہت مسرور ہیں، کراچی میں میچوں کا انعقاد ہوا تو انتظامیہ اپنا بھرپور تعاون کرے گی۔

مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی کی ایدھی چلڈرن ہوم میں نمائش

بعد ازاں ٹرافی کو نیشنل بینک اسٹیڈیم لایا گیا جہاں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر بھی پہنچے اور ٹرافی کے ساتھ تصاویربنوائیں، اسٹیڈیم پہنچنے پر جنرل مینیجر ارشد خان نے ان کا استقبال کیا، صوبائی وزیر کے ہمراہ سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری بھی تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل بھی ٹرافی کی نمائش کے موقع پر موجود تھے—فوٹو: ایکسپریس

سردار محمد بخش مہرنے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ چمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہونے جا رہی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت بھرپور فارم میں ہے اور امید ہے کہ پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل بھی ٹرافی کی نمائش کے موقع پر موجود تھے—فوٹو: ایکسپریس

انہوں نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کے لیے پاکستان تیار ہے، انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آ کر ہماری مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں۔

نیشنل اسٹیڈیم میں صوبائی وزیر کھیل بھی ٹرافی کی نمائش کے موقع پر موجود تھے—فوٹو: ایکسپریس

واضح رہے کہ ساحلی علاقے کلفٹن میں1927 میں ہندو تاجر شیو رام موہٹہ کے تعمیر کردہ محل میں ٹرافی کی نمائش بوجوہ موخر کردی گئی تھی، تا ہم اجازت ملنے پر ٹرافی کو موہٹہ پیلس لایا گیا۔

موہٹہ پیلس وہی مقام ہے جہاں قیام پاکستان کے بعد ملک کے بانی قائد اعظم کی بہن فاطمہ جناح رہائش پذیر رہیں اور اسی مناسبت سے اس مقام کو قصر فاطمہ کا نام بھی دیا گیا۔

یہ عمارت اب حکومت سندھ کی تحویل میں ہے، اس مقام پر ٹرافی کی نمائش میں سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ بھی شریک ہوئے، ٹرافی کی ساحلی تفریحی مقام پورٹ گرانڈ پر بھی عوامی نمائش کی گئی۔

چمپیئنز ٹرافی کراچی کا تین روزہ دورہ مکمل کرکے ہفتے کو لاہور روانہ ہوگی۔

Load Next Story