تاجروں کا 24 نومبر کا احتجاج روکنے کیلیے ریاست سے بھرپور طاقت کے استعمال کا مطالبہ
آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نعیم میر نے 24 نومبر کے احتجاج کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے ریاست سے مظاہرین کو روکنے کیلیے بھرپور طاقت کے استعمال کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں چیئرمین سپریم کونسل آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر کی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کی احتجاجی دہشت گردی کو روکا جائے، کسی بھی سیاسی جماعت کو اجتماع کرنے کی مادر پدر آزادی نہیں ملنی چاہیے، ایسا اجتماع جس کا نتیجہ شر ، فساد اور جلاؤ گھیراؤ ہے اُسے قابل گرفت ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ بند ،کاروبار بند ، ٹرانسپورٹ بند ،انٹرنیٹ بند ، یہ کس قسم کے آزادی رائے کا اظہار ہورہا ہے؟ ملک بھر کے تاجران کو نقص امن کے شدید خدشات لاحق ہیں، ریاستی ادارے تاجران کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
نعیم میر نے کہا کہ کاروبار بند کردینے کے کسی بھی خلل سے بچایا جائے، احتجاجیوں کو اسلام آباد پہنچنے سے روکا اور درالخلافے کو مفلوج کرنے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔
آل پاکستان انجمن تاجران کی سپریم کونسل کے چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ریاست اپنی طاقت کا استعمال کرے، فسادی ٹولے کو کسی صورت دھرنا دینے کی اجازت نہ دی جائے اور ریاست شرانگیز عناصر کی قبل ازوقت سرکوبی کرے۔