اسلام آباد؛ وزیر داخلہ محسن نقوی کا پولیس لائنز کا دورہ، اہلکاروں سے خطاب

24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی علی الصبح  پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پولیس لائنز پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس لائنز میں اہلکاروں سے خطاب  کرتے ہوئے امن کے قیام کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی، اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس اور پولیس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اہلکاروں سے خطاب میں کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اس کے پیش نظر ہم نے  اسلام آباد شہر کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے، پولیس فورس نے اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے اور اسے یقینی بنانا ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے اس بار قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس  نہیں جانے دینا۔ ہمیں آپ اور آپ کی زندگیاں  بہت عزیز ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی آپ نے تمام حفاظتی سامان ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے

محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Load Next Story