شہرت سے خوفزدہ ہوں اللہ کو کیا جواب دوں گی، ہانیہ عامر
پاکستان شوبز کی مشہور اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ شہرت سے خوفزدہ ہوتی ہیں کہ اللہ کو کیا جواب دیں گی۔
ہانیہ عامر نے بی بی سی ایشیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی شہرت اور ذہنی صحت سے متعلق کھل کر گفتگو کی اور حالیہ دنوں ملنے والی شہرت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انٹرویو میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ خوش رہیں اور ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کو یہ شعور حاصل ہو کہ ان کے مسائل کا حل ممکن ہے۔
ہانیہ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ اپنی مشکلات کسی کے ساتھ بانٹ سکیں کیونکہ اب ذہنی صحت پر بات کرنا مشکل نہیں رہا مگر پہلے لوگ اس پر بات کرنے سے کتراتے تھے۔ ہانیہ نے اپنی ذہنی صجتت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ جو مشکلات انہوں نے برداشت کیں کوئی اور ان سے گزرے۔
اپنی شہرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنی شہرت سے خوف محسوس ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’مجھے ڈر لگتا ہے کہ جب اللّٰہ تعالیٰ مجھ سے سوال کریں گے تو میں کیا جواب دوں گی؟ کیا یہ کہ میں نے صرف چند فلمیں کیں اور پیسے کمائے؟‘۔
ہانیہ نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر سکیں اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹ سے لوگوں کو خوشی ملے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اب ذہنی صحت جیسے اہم موضوعات پر گفتگو عام ہو رہی ہے جوکہ معاشرے میں ایک اچھی تبدیلی ہے۔