5.6 ملین انسٹاگرام فالوورز والے اداکار اعجاز خان کو الیکشن میں دھچکا، صرف 131 ووٹ ملے
بگ باس کے سابقہ کنٹسٹنٹ اور اداکار اعجاز خان نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا، لیکن حیرت انگیز طور پر انہیں ورسوا حلقے سے صرف 131 ووٹ ملے۔ اعجاز خان نے آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
اعجاز خان کے انسٹاگرام پر 5.6 ملین فالوورز ہیں، لیکن یہ شہرت الیکشن میں ان کے کام نہ آسکی۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق، ورسوا حلقے میں ووٹرز کی کل شرکت 42.2% رہی، جہاں اعجاز خان کے مقابلے میں NOTA (None of the Above) آپشن نے 1,022 ووٹ حاصل کیے۔
ورسوا میں ہارون خان نے 58,047 ووٹ لے کر سبقت حاصل کی۔ یہ حلقہ روایتی طور پر کانگریس کا مضبوط گڑھ رہا ہے، لیکن اس بار یہاں 16 امیدوار میدان میں تھے۔
مہاراشٹر بھر میں، اس مرتبہ تین دہائیوں کے بعد سب سے زیادہ ووٹنگ ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا، جس میں مہایوتی اتحاد (بی جے پی-شیو سینا-این سی پی) اور مہا وکاس اگھاڑی (کانگریس-شیو سینا(یو بی ٹی)-این سی پی ایس پی) کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
ابتدائی رجحانات کے مطابق، مہایوتی اتحاد اسمبلی کی 288 نشستوں میں سے 231 پر آگے رہا، جبکہ مہا وکاس اگھاڑی صرف 51 نشستوں پر محدود رہی۔