ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ، پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے دی
لاہور میں چوتھے ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے پہلے روز پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق غنی انسیٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ ڈی ایچ اے پر ساؤتھ افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 بنائے۔
افریقی کھلاڑی لیسوفل نے 24 اور ایڈریچ ٹرہا نے 17 رنز بنائے جبکہ بابر علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 10.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔اوپنر نعمت اللہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 گیندوں پر 59 رنز اسکور کئے جبکہ ظفر نے 33 سکور کیا۔
سعید اسپورٹس سٹی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے نیپال کیخلاف 70 سے کامیابی حاصل کی۔
نیپال نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی سری لنکا نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔
سری لنکا کے اوپنر دمیت سانداروان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا اور 100 رنز بنا ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مدھو ونتا نے 23 رنز کی باری کھیلی۔
جواب میں نیپال کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا سکی۔ درگا دتہ نے 24 اور نریش نے 23 رنز بنائے۔
اتوار کو غنی انسیٹیوٹ کرکٹ گراؤنڈ پر سری لنکا اور افغانستان جبکہ سعید اسپورٹس سٹی پر بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔