وزیراعلیٰ سندھ کی کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے، ملیر ایکسپریس وے پر کام تیز کرنیکی ہدایت
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کریم آباد انڈر پاس، کورنگی کاز وے اور ملیر ایکسپریس وے منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کریم آباد انڈر پاس، ملیر ایکسپریس وے اور کورنگی کاز وے پل کی پیش رفت پر اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز؛ نیاز سومرو، ذوالفقار ابڑو، ممبر پی اینڈ ڈی سکندر اور دیگر شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے، کورنگی کاز وے اور کریم آباد انڈر پاس اہم منصوبے ہیں، میں خود دورہ کرتا ہوں اور مجھے ان منصوبوں پر باقاعدہ پیش رفت چاہیے۔
کریم آباد انڈر پاس
کریم آباد پر دو دو لائن پر مشتمل انڈر پاس 3.8 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، انڈرپاس کی لمبائی 1080 میٹرز ہے جس میں 300 میٹر کا کام مکمل ہوگیا ہے۔ پل پر 212 پری کاسٹ گرڈرز میں سے 151 مکمل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سوال کیا کہ فزیکل پروگریس کیا ہے؟ جس پر وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 30 فیصد ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات کو کہا کہ خود پروجیکٹ کی نگرانی کریں۔
اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ مینا بازار اور بازار فیصل پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے راؤنڈ اباؤٹ بنایا جا رہا ہے۔ کریم آباد انڈر پاس کے ڈی اے کی اسکیم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ کریم آباد انڈرپاس کو جلد مکمل کروائیں، کریم آباد انڈر پاس کا منصوبہ سندھ حکومت نے کے ڈی اے کے ذریعے شروع کیا ہے۔
کورنگی کاز وے
کورنگی کاز وے پر پل 6.4 بلین روپے کی لاگت کا منصوبہ ہے جس کی لمبائی 1385 میٹرز اور چوڑائی 26 میٹرز ہے۔ لوپ اور ریمپس 2.5 کلومیٹرز ہیں اور 400 میں سے 300 پائلس مکمل ہیں۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 600 میں سے 504 گرڈرس مکمل ہیں، 200 میں سے 40 پیئر شافٹس اور 50 میں سے 20 پائلس کیپس مکمل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات کو کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 30 فیصد پل کا کام ہوچکا ہے۔
ملیر ایکسپریس وے
ملیر ایکسپریس وے جام صادق پل سے شاہ فیصل تک کام تیزی سے جاری ہے، جام صادق پل سے کاٹھور تک 38.889 کلومیٹرز طویل منصوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فیز ون کا کام 25 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت دے دی جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے میئر کراچی کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل سے ایئرپورٹ تک سڑک ٹھیک کی جائے۔