لاہور کے فارم ہاؤس میں گھسنے والا چیتا سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک

واقعہ بیدیاں روڈ پر فارم ہاؤس میں پیش آیا جو کہ تھانہ ہیئر کی حدود میں واقع ہے،پولیس اور وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ پہنچ گئے

لاہور کے مضافاتی علاقے میں واقع فارم ہاؤس میں گھسنے والے چیتا کو سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے سرحدی علاقے میں چیتا فارم ہاؤس میں گھس گیا جس پر سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے اسے ماردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ بیدیاں روڈ پر زبیر بٹ کے فارم ہاؤس میں پیش آیا جو کہ تھانہ ہیئر کی حدود میں واقع ہے۔

پولیس نے وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کو موقع پر طلب کرلیا۔ ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق اگر وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ استغاثہ دے تو ملزم کے خلاف کارروائی کریں گے ورنہ نہیں، ممکن ہے چیتا پالتو ہو۔

وائلڈلائف ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل نجی فارم ہاؤس سے نر اور مادہ چیتے فرار ہوگئے تھے، آج ایک مادہ چیتا کی ہلاکت ہوئی ہے تاہم نرچیتا ابھی تک پکڑا نہیں جاسکا۔

ذرائع کے مطابق دونوں چیتے بیدیاں روڈ پر واقع نجی فارم ہاؤس کے پنجرے سے فرار ہوئے۔

Load Next Story