غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

ملزمان سے 45000 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے، ایف آئی اے

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے چھاپہ مار کارروائی نجی بینک کی اسٹاک ایکسچینج میں واقع برانچ کی پارکنگ میں کی۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد فیصل اور میسم رضا کے نام سے ہوئی۔

ملزم محمد فیصل نجی بینک میں برانچ مینیجر ہے۔ ملزم کو غیر ملکی کرنسی ایکسچینج کرتے ہوئے پارکنگ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ چھاپے کے دوران ملزمان سے 45000 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے۔ برآمد ہونے والی کرنسی کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ ملزمان کے خلاف  مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ ملزمان کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Load Next Story